Ticker

6/recent/ticker-posts

طنزو مزاح

Q
بیٹے کے لیے والدین رشتہ دیکھنے گئے،
 پھر کیا ہوا؟؟
آپ بھی پڑھیے اور مسکرائیے

تحریر: مفتی محمد عامر یاسین ملی
8446393682

 ایک اہلکار( اگوا) نے مجھے بتایا کہ ایک نوجوان لڑکے کے لیے مجھے رشتہ تلاش کرنے کی ذمہ داری دی گئی، لیکن ہوتا یہ کہ لڑکے کی ماں ہر جگہ کچھ نہ کچھ عیب نکال کر رشتہ سے انکار کردیتی ، اس لئے کہ اسے گوری اور خوبصورت بہو کی تلاش تھی، اس صورتحال سے لڑکے کے والد پریشان ہوگئے اور مجھ سے کہنے لگے کہ اب کہیں لڑکی دکھانے جانا ہو تو میری بیوی کے ساتھ مجھے بھی لے چلنا، چنانچہ ان چاچا چاچی کو لے کر میں ایک جگہ پہنچا ، جب لڑکی دیکھ کر واپس گھر آئے تو میں نے چاچا سے پوچھا کہ رشتہ پسند آیا ؟ تو انہوں نے کہا، ہاں ماشاءاللہ مناسب رشتہ ہے، لڑکی تعلیم یافتہ اور اچھی سیرت والی یے۔ لیکن چاچی کہنے لگی کہ*اس لڑکی کا رنگ اتنا صاف اور گورا نہیں ہے*
   چاچا یہ سن کر بھڑک گئے اور کہنے لگے: *اپنی شادی کے وقت تے بھی ایسی ہی رہے، میں کچھ بولے رہو کا؟؟* یعنی جب میں نے تمہیں قبول کیا تو تمہیں بھی اپنی بہو کو قبول کرلینا چاہئے۔

    قارئین! اس واقعے میں جہاں ہنسی کا پہلو ہے وہیں یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ
رشتے سے انکار کرنے میں مردوں سے زیادہ خواتین کا کردار ہوتا ہے۔انہیں بس چاند جیسی بہو کی تلاش ہوتی ہے چاہے بیٹا ۔۔۔۔۔۔ جیسا بھی ہو ۔ حالانکہ جس بیٹے کو شادی کرنی ہے وہ قبول صورت لڑکی کو بھی پسند کرلیتا ہے، لیکن اماں کو بہو پسند نہیں آتی۔
     آج ایسی ہی سوچ رکھنے والی خواتین کی وجہ سے ہزاروں لاکھوں بیٹیاں گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں جو بہت خوبصورت نہیں لیکن قبول صورت اور اچھی سیرت والی ہیں۔ گویا ایک عورت ہی دوسری عورت کے رشتے میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے کاش کہ ان خواتین کو کوئی یہ سمجھا دے

حسن صورت چند روزہ حسن سیرت مستقل
اس سے خوش ہوتی ہے آنکھیں اس سے خوش ہوتا ہے دل

نوٹ: مرد حضرات کو چاہیے کہ رشتے ناطے کے انتخاب میں خواتین کی ذہن سازی کریں اور پورا معاملہ بالکل ان پر ہی نہ چھوڑ دیں۔ گزشتہ تین جمعہ کو مالیگاؤں کی 150 سے زائد مساجد میں رشتہ نکاح کے عنوان پر خطاب ہوا، جسے اندازا ایک لاکھ سے زائد مردوں نے سنا،جمعہ کابیان سننے سے خواتین محروم رہتی ہیں، اس لئے مرد حضرات خواتین کو رشتہ نکاح طے کرنے کا آسان طریقہ نامی کتاب لے کردیں، جو سٹی بکڈپو ( محمد علی روڈ ) سویرا بکڈپو ( نیاپورہ) عبداللہ بکڈپو( سلیمانی چوک) اور ناز بکڈپو( سلام چاچا روڈ) پر دستیاب ہے۔

خدا تعالیٰ سب کو نیک سمجھ دے۔آمین 

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے