Ticker

6/recent/ticker-posts

مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کی اپیل


صفا فاؤنڈیشن کے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کریں!
الحمد للّہ! صفا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ازدواجی جوڑوں اور نوجوانوں کے لیے منعقد ہونے والے تربیتی ورکشاپ کی عوام و خواص کی جانب سے سراہنا کی جا رہی ہے اور اسے وقت کی ایک اہم ضرورت کی تکمیل قرار دیا جا رہا ہے۔ شہر کے متعدد اکابر علماء کرام نے صفا فاؤنڈیشن کے اراکین اور پروگرام کے منتظمین کی حوصلہ افزائی کی ہے اور اس پروگرام کی کامیابی کے لیے دعا بھی فرمائی ہے۔ ذیل میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کا ایک تائیدی بیان ملاحظہ فرمائیں جس میں مولانا محترم نے پروگرام کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں اور ازدواجی جوڑوں سے شرکت کی اپیل کی ہے:

نکاح زندگی کا ایک اہم حصہ اور ایسا موڑ ہے ،جہاں سے انفرادی زندگی اجتماعی زندگی سے تبدیل ہوتی ہے ،اور ایک خاندان کی بنیاد پڑتی ہے ۔ ہمارے دین میں جہاں زندگی کے ہر حصے سے متعلق رہنمائی موجود ہے ،وہیں زندگی کے اس اہم شعبے کے بارے میں بھی کامل ،جامع ،متوازن اور متعدل رہنمائی فراہم کی گئی ہے ،جس پر عمل آخرت کی کامیابی کا ضامن تو ہے ہی ،زندگی کی خوشگواری بھی اسی سے وابستہ ہے ۔
ازدواجی زندگی کے بارے میں جو سنہری ہدایات کتاب وسنت میں موجود ہیں ،ان کا علم نہ ہونے یا ان پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ازدواجی زندگی کی حقیقی خوشیاں میسر نہیں آتیں ،ضرورت ہے کہ ازدواجی زندگی کی کامیابی کے جو نسخے کتاب وسنت میں آئے ہیں ،انہیں زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے اور اہل ایمان کو ان پر عمل کا پابند بنایا جائے۔ اس سلسلے میں صفا فاؤنڈیشن مالیگاؤں کی کوششیں لائق تحسین ہیں ،شہری سطح پر مولانا مفتی محمد عامر یاسین ملی ،مولانا مفتی عطاء الرحمن جمالی ، مولانا مجاہد الاسلام ملی اور دیگر فعال علماء کرام اور مفتیان عظام اس سلسلے میں دلچسپی اور سرگرمی کے ساتھ خدمت انجام دے رہے ہیں ،اسی سلسلے کی ایک کڑی 14 دسمبر اتوار کے روز بعد نماز عشاء حج کمیٹی ہال میں منعقد ہونے والا تربیتی پروگرام ہے ،جس میں شرکت نئے ازدواجی جوڑوں یا ان افراد کے لیے جن کے قریب میں نکاح ہونے والے ہیں ، مفید ہے ،لہذا میں ایسے تمام افراد سے گزارش کرتا ہوں کہ پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر اس میں ضرور شریک ہوں۔ اس اہم پروگرام میں جناب مولانا مفتی ابو بکر جابر قاسمی صاحب(حیدرآباد) برادر مکرم جناب مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی صاحب ،اور ایڈوکیٹ مومن مصدق صاحب شرکاء کی رہنمائی فرمائیں گے ۔ 
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو کامیابی بخشے اور منتظمین کو اجر عظیم عطا کرے آمین !

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے