Ticker

6/recent/ticker-posts

دوسال میں حفظ قرآن ،چھ ماہ میں بائیس دور، اور ایک نشست میں پورا قرآن


میں نے جو دیکھا

مدرسہ خلیفہ اول کے طالب علم حافظ عبد اللہ کا بڑا کارنامہ

از:مفتی محمد عامر یاسین ملی

مولانا شفیق الرحمان فلاحی صاحب شہر مالیگاؤں کے بافیض عالم دین ہیں ،موصوف نورانی مسجد کے امام وخطیب اور مدرسہ خلیفہ اول کے صدر مدرس بھی ہیں، کل بروز منگل ان کا میسج موصول ہوا کہ مدرسہ خلیفہ اول کے ایک طالب علم حافظ محمد عبد اللہ ولد حافظ شاہد جمالی(ساکن ایوب نگر) منگل کے روز ایک نشست میں مکمل قرآن پاک سنائیں گے ،انہوں نے گزارش کی کہ کچھ دیر کے لیے مدرسہ میں حاضر ہو کر طالب علم کا قرآن سن لوں ،تا کہ اس کی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔چنانچہ دوپہر کے وقت راقم الحروف نے مدرسہ خلیفہ اول میں حاضری دی ،اس وقت تک مذکورہ طالب علم نے تیئیس پارے مکمل کرلیےتھے ،راقم الحروف نے تقریباً ایک پارہ سنا ،ماشاء اللہ طالب علم کاانداز تلاوت عمدہ اور حفظ پختہ محسوس ہوا ،طالب علم کے استاذ معروف عالم دین اور عثمانی دارالافتاء کے مفتی ،مفتی محمد عامر عثمانی ملی صاحب ہیں جو گزشتہ گیارہ سالوں سے مدرسہ خلیفہ میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں ،اب تک ان کے پاس 46 طلبہ حفظ قرآ ن پاک کی تکمیل کرچکے ہیں ،بلا شبہ یہ ایک اہم قرآنی خدمت ہے اور اپنے آپ میں قابل قدر کارنامہ بھی !مفتی موصوف نے راقم کوبتایا کہ مذکورہ طالب علم(عبد اللہ حافظ محمد شاہدجمالی) نے گزشتہ سات ماہ میں حفظ قرآن پاک کے بائیس دور مکمل کیےہیں ،متعدد مرتبہ دو اور تین نشستوں میں قرآن سنانے کے بعد آج یہ طالب علم ایک نشست میں مکمل قرآن سنانے کی سعادت حاصل کررہا ہے ،راقم نے مزید معلومات حاصل کی تو پتہ چلا کہ مذکورہ طالب علم نے محض دو سال میں حفظ قرآن کی تکمیل کی ہے ،ساتھ ہی ساتھ عصری تعلیم کا سلسلہ بھی جاری ہےاور جمہور ہائی اسکول کی ساتویں جماعت میںوہ زیر تعلیم ہے۔
قارئین!غور کیجیے کہ ماں باپ کی توجہ اور اساتذہ کی محنت کیسے کیسے پتھروں کو تراش خراش کر ہیرا بنادیتی ہے ،تیرہ سال کا ایک طالب علم ایک طرف عصری تعلیم حاصل کرتا ہے تو دوسری جانب اللہ کی کتاب کو اپنے سینے میں محفوظ بھی کرلیتا ہے ،معلوم ہوا کہ بچوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ،ضرورت ہے کہ ان کی تعلیم وتربیت پر توجہ دی جائے اور ان کو معاشرے کا ایک اچھا اور کامیاب فرد بنانے کی کوشش کی جائے ۔

یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ مسجد خلیفہ اول میں جاری مکتب شہر کے معروف اور کامیاب مکاتب میں شمارہوتا ہے ،جو گزشتہ 16 سالوں سے قائم ہے، فی الوقت مدرسہ میں 425 طلبہ زیر تعلیم ہیں ،جن کی تعلیم وتربیت کے لیے بارہ اساتذہ کرام متعین ہیں ۔معروف تعلیمی شخصیت اور جے اے ٹی ہائی اسکول کے معلم جناب اشفاق لعل خان سر اس ادارے کے ناظم ہیں ،موصوف کی نگرانی اور صدر مدرس مولانا شفیق الرحمن فلاحی کی سربراہی میں اساتذہ کرام کی شبانہ روز جدوجہد کی بدولت مدرسہ خلیفہ اول آگے بڑھ رہا ہے اور شہر کے جنوب میں ایک بڑے حصے کو علم دین کی روشنی سے منور کررہا ہے ۔
صبح سات بجے مذکورہ طالب علم نے قرآن سنانا شروع کیا اورنماز مغرب کے بعد ایک نشست میں پورا قرآن سنانے کی سعادت حاصل کرلی ،اس موقع پر جناب حافظ ریاض احمد ملی صاحب بھی طالب علم کی حوصلہ افزائی کے لیے حاضر ہوئے اور موصوف کی دعا پر یہ بابرکت قرآنی مجلس اختتام کو پہنچی ۔بلا شبہ ایک نشست میں مکمل قرآن سنانا اپنے آپ میں ایک بڑا کارنامہ ہے،میں حافظ عبد اللہ اور ان کے والد حافظ شاہد جمالی صاحب کو مبارک بادپیش کرتا ہوں، ساتھ ہی ساتھ ان کے استاذ مفتی محمد عامر عثمانی اور مدرسہ خلیفہ اول کے تمام اساتذہ وذمہ داران بالخصوص مولانا شفیق الرحمن فلاحی اور جناب اشفاق لعل خان سر کی خدمت میں بھی ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں ۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید استحکام عطا فرمائے اور ذمہ داران اور اساتذہ کو اپنے شایان شان بدلہ نصیب فرمائے ۔آمین


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے