Ticker

6/recent/ticker-posts

مدرسہ حقانیہ کے زیر اہتمام تعلیم بالغاں کا نظام ، علم دین کے حصول کا آسان ذریعہ

از : مفتی محمد عامر یاسین ملی 

اللہ تعالیٰ نے ہم لوگوں کو دین اسلام کی دولت سے نوازا ہے اور قرآن پاک ہماری ہدایت اور دنیاو آخرت میں کامیابی کے لیے نازل فرمایا ہے ،شریعت اسلامیہ کے تمام تر احکام کی بنیاد اللہ تعالی کی کتاب قرآن کریم اور نبی کریم ﷺ کی احادیث ہیں۔ لھذا شریعت کو جاننے اور اس کے احکام پر عمل کرنے کے لیے ہر بندہ مومن مردوعورت کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرآن پاک اور احادیث نبویہ کو پڑھے اور بقدر ضرورت دین کا علم حاصل کرے ۔
علم دین کا دائرہ بہت وسیع ہے ،البتہ اس کا آغاز قرآن کریم سیکھنے سے ہوتا ہے ،اس کے بعدمرحلہ آتا ہے کہ قرآن پاک کو سمجھا اور اس پر عمل کیا جائے، پھر اس کا پیغام دوسروں تک پہنچایا جائے ،نبی کریم ﷺ کا مشہور ارشاد گرامی ہے :خیر کم من تعلم القرآن وعلمہ( تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن پاک کو سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ) دین کا اتنا علم حاصل کرنا جس کے ذریعے بندہ دین کی بنیادی باتوں سے واقف ہوجائے اور شریعت کے مطابق اپنی زندگی بسر کرسکے، یہ ہر مسلمان مردوعورت کے لیے ضروری ہے ،افسوس کہ بہت سارے مسلمان دین کی اہم اور بنیادی تعلیم سے بھی محروم ہوتے ہیں ،یہاں تک کہ وہ قرآن پڑھنا بھی نہیں جانتے ،حالانکہ قرآن پاک اہل ایمان ہی نہیں پوری انسانیت کے لیے دستور حیات اور منشور حیات بلکہ آب حیات ہے ،اللہ تعالیٰ نے عزت وسرفرازی اسی کتاب پر عمل کرنے میں پوشیدہ رکھی ہے ،مسلم شریف کی مشہور حدیث ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کے ذریعے بہت سارے لوگوں کوعزت اور سرفرازی عطا کرتا ہے اور اسی کتاب کے ذریعے بہت سارے لوگوں کو ذلیل ورسوا کردیتا ہے ۔ جو لوگ اس کتاب کو پڑھتے ،سمجھتے اور اس پر عمل پیراہوکر دوسروں تک اس کا پیغام پہنچاتے ہیں وہ اس کے ذریعے عزت اور سربلندی پاتے ہیں ،اور جو اس سلسلے میں غفلت برتتے ہیں، ناکامی اور ذلت ان کا مقدر بن جاتی ہے ۔؎
پا جائیں گے ہم آج بھی کھویا ہوا اعزاز 
ہوجائیں دل و جان سے گر عامل قرآن 
جو خالق عالم سے ملاتا ہے وہ حافظ
قرآن ہے قرآن ہے قرآن ہے قرآن 

   قرآن کریم کا اہل ایمان پر سب سے پہلا حق تویہ ہے کہ تجوید کے ساتھ اس کی تلاوت کی جائے ، الحمدللہ ! ہمارے شہر مالیگاؤں میں مسجد ،مسجد اور گلی گلی مکاتب قرآنیہ قائم ہیں ،جہاں بڑی تعداد میں معصوم بچے اور بچیاں قرآن پاک اور دینیات کی تعلیم حاصل کرتے ہیں ،بعض حضرات وہ بھی ہے جو کسی وجہ سے کم عمری میں دین کا علم حاصل نہیں کرپاتے اور اچھی خاصی عمر گزر جانے کے بعد ان کے دل میں یہ داعیہ پیدا ہوتا ہے کہ کاش ہم بھی قرآن پاک پڑھ سکیں اور دین کی بنیادی تعلیم حاصل کرسکیں ! ایسے مرد حضرات اور خواتین کے لیے ہمارے شہر مالیگاؤں میں تعلیم بالغاں کا نظام بھی قائم ہے ،شہر میں متعدد جگہوں پر بالغ مردوں اور خواتین کے لیے دینی تعلیم کے حصول کانظم کیاگیا ہے ،بطور خاص میں تذکرہ کرنا چاہوں گا مدرسہ حقانیہ کا جو عارف باللہ حضرت شاہ ابرارالحق ہردوئی ؒ سے منسوب ایک دینی ادارہ ہے ،جس کے تحت پورے شہر میں ساٹھ سے زائد مقامات پر بالغ خواتین کے لیے اور سترہ سے زائد مقامات پر بالغ مردوں کے لیے قرآن پاک اور دینیات کی تعلیم کی کلاسز جاری ہیں ،جہاں پندرہ ،اٹھارہ سال سے لے کر ساٹھ ستر سال کے مرد وخواتین دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں ،خواتین کے لیے کلاس کا وقت ظہر کے بعد ہوتا ہے اور مرد حضرات کے لیے عشاء کے بعد ، گزشتہ نو سالوں سے مدرسہ حقانیہ قائم ہے اور الحمدللہ بالغ مرد اور خواتین کی ایک اچھی تعداد اس ادارے میں زیر تعلیم ہے ،مدرسہ معہد ملت کے نمایاں فاضل ہمارے رفیق محترم مولانا مجاہد الاسلام ملی صاحب اس ادارے کے نگراں اور ناظم ہیں، جو بچوں اور بچیوں کے علاوہ بالغ مردوں اور عورتوں میں دینی تعلیم کی نشر و اشاعت کے لیے فکر مند رہتے ہیں اور تعلیم بالغاں کے نظام کو شہر بھر میں مضبوط ومستحکم اور وسیع کرنے کے لیے کوشاں ہیں ،موصوف سے ہی مشاورت کے بعد گزشتہ دو ماہ قبل مسجد یحییٰ زبیر میں بھی بالغ مردوں کے لیے بعد نماز عشاء تعلیم بالغاں کے عنوان سے کلاس شروع کی گئی ،الحمدللہ تقریباً دس افراد یہاں روزانہ بعد نماز عشاء دینی تعلیم بطور خاص قرآن پاک تجوید کے ساتھ سیکھ رہے ہیں،معہد ملت کے نوجوان فاضل مولانا حافظ ابوطلحہ ملی صاحب اس کلاس میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں ۔
کوئی شبہ نہیں کہ تعلیم بالغاں کا نظام بالغ مردوں اور عورتوں کے لیے علم دین کے حصول کا ایک آسان ذریعہ ہے اور اس کے عنوان سے علم دین کی نشرواشاعت کی خدمت قابل تحسین بھی ہے اور لائق تقلید بھی ! جو بالغ مرد حضرات اور خواتین دین کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور جو معلمین ومعلمات تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ سب کے سب مبارکباد کے قابل ہیں ۔
اب تک قرآن مجید اور دینیات کی تعلیم سے محروم لوگوں کو اس نظام سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔اس لیے کہ جو لوگ دین کی بنیادی تعلیم حاصل کرلیتے ہیں، ان کے لیے دین پر عمل پیرا ہونا آسان ہوجاتا ہے اور بے دینی سے حفاظت بھی ہوجاتی ہے ،اس کے برعکس دین کی بنیادی تعلیم سے ناواقف رہنے والے قدم قدم پر احکام شریعت کی پامالی کے مرتکب ہوتے ہیں، اور قرآن پاک کی خیر و برکت سے محروم رہ جاتے ہیں ۔ اس لیے ہر بندہ مومن مردو عورت کو دین کی بنیادی تعلیم حاصل کرنے کی فکر اور کوشش کرنی چاہیے ،میں گزارش کروں گا ایسے بالغ مرد حضرات سے جنہوں نے اب تک قرآن پاک اور دینیات کی تعلیم حاصل نہ کی ہو ، وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری تعلیم بالغاں کی کلاسوں میں داخلہ لیں اور دینی تعلیم حاصل کریں خصوصا قرآن کریم پڑھنا سیکھیں اور اس سلسلے میں کسی بھی طرح کے تکلف اور جھجھک کو رکاوٹ نہ بننے دیں ،ہمیں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ پیدائش سے لے کر موت تک علم حاصل کریں ، دیگر علوم و فنون کی بہ نسبت علم دین کا یہ اعزاز وافتخار ہے کہ اسے جس عمر میں بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے، اللہ کی توفیق اور مدد سے یہ علم حاصل ہوجاتا ہے ، بس شرط یہ ہے کہ نیت پختہ ہو اور کوشش صحیح سمت میں کی جائے! 
 نوٹ : جو بالغ حضرات تعلیم بالغاں کی کلاس میں داخلہ لینا چاہتے ہیں یا جو ذمہ دار حضرات کسی مسجد یا ذاتی جگہ پر تعلیمی بالغاں کی کلاس جاری کرنا چاہتے ہیں، وہ مولانا مجاہد الاسلام ملی صاحب سے اس نمبر پر رابطہ کریں:
  92263 95095


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے