Ticker

6/recent/ticker-posts

رپورٹ

مالیگاؤں میں رشتہ نکاح آسان کرو مہم جاری
اس مہم کو دیگر شہروں تک لے جانے کی ضرورت 

تحریر مفتی محمد عامر یاسین ملی مالیگاؤں 8446393682

       قارئین جانتے ہیں کہ شہر مالیگاؤں کے علماء اور مقررین کی تنظیم گلشن خطابت گزشتہ پونے دو سال سے قائم ہے اور منظم انداز میں خطاب جمعہ کے ذریعے اصلاح معاشرہ کی جدوجہد میں مشغول ہے۔ یہ جدوجہد محض گفتگو تک محدود نہ رہے، اس لئے عملی قدم اٹھاتے ہوئے گلشن خطابت گروپ کی جانب سے غربید مسجد میں 17؍اگست کو شہر کے مرد و خواتین اہلکار حضرات کی ایک میٹنگ لے کر رشتہ نکاح سے متعلق مسائل اور ان کے حل پر غور و خوض کیا گیا، اور پھر وہیں سے "رشتہ نکاح آسان کرو مہم" شروع ہوئی جو تاحال جاری یے۔ اس میٹنگ میں شہر کے سو سے زائد اہلکار حضرات نہ صرف شریک ہوئے بلکہ اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں انہوں نے مسائل اور ان کے حل کے سلسلے میں اپنی رائے اور تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے رشتہ نکاح کے سلسلے میں آسانی پیدا کرنے کی غرض سے اس میٹنگ کے انعقاد پر گلشن خطابت گروپ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ گلشن خطابت گروپ کی جانب سے اس مہم کے تحت اب تک مندرجہ ذیل مختلف سرگرمیاں انجام دی گئیں ۔
     تمام اہلکار حضرات کی خدمت میں رشتہ نکاح سے متعلق ہدایات پر مشتمل پمفلٹ اور رشتہ نکاح طے کرنے کا آسان طریقہ نامی کتاب پیش کی گئی ۔
مؤرخہ 19 اگست جمعہ کے روز مالیگاؤں کی اندازاً 200 مساجد میں رشتہ نکاح سے متعلق ہدایات پر مشتمل تحریر پڑھ کر سنائی گئی ۔
      مؤرخہ 26؍اگست جمعہ کے روز بلا تفریق مسلک شہروبیرون شہر کی کئی سو مساجد میں رشتۂ نکاح کے موضوع پر گلشن خطابت کے اراکین اور مساجد کے ائمہ و مقررین نے خطاب کیا اور مساجد میں پمفلٹ کی خواندگی بھی کی ۔
      راقم الحروف نے غربید مسجد میں اہلکار حضرات کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل اور ان کے حل کی روشنی میں رشتہ نکاح کے موضوع پر سات صفحات پر مشتمل مفصل خطبہ جمعہ تیار کیا، جسے کمپوز کرکے پی ڈی ایف بناکر شہر و بیرون شہر کے مقررین کو بھیجا گیا ۔
     مؤرخہ 28؍اگست کو اداروں اور کلبوں کے نوجوانوں سے راقم نے یہ اپیل کی کہ وہ اپنے طور پر پمفلٹ کو چھپواکر مساجد سے اور اپنے محلوں میں گھروں گھر تقسیم کریں، الحمدللہ اس اپیل پر متعدد حضرات نے توجہ دی اور اپنے طور پر ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹ کو چھپوا کر تقسیم کیا، ساتھ ہی کمپیوٹر پر اس پمفلٹ کی خوبصورت امیج بناکر بھی سوشل میڈیا پر وائرل بھی کی گئی۔ اب بھی اس پمفلٹ کے لیے لوگ مسلسل رابطہ کررہے ہیں۔
      مؤرخہ 30 اگست کو شہر بھر میں خواتین کے لیے منعقد ہونے والے دینی اجتماعات کے منتظمین اور وہاں خطاب کرنے والی معلمات سے گزارش کی گئی کہ وہ اپنے زیر نگرانی ہونے والے اجتماعات میں رشتہ نکاح کے موضوع پر خطاب کا اہتمام کریں۔ فی الحال اس پر عمل جاری ہے۔ نور باغ میں خواتین کے اجتماع میں خود راقم کا اسی موضوع پر مفصل بیان ہوا ۔
الحمدللہ یہ مہم اب بھی اپنی استطاعت اور میسر افراد کار اور ذرائع کے لحاظ سے جاری ہے، عوام و خواص نے اس مہم کو پسند کیا اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا ۔ پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھی اس مہم کو آگے بڑھانے اور اس کے پیغام کو دور تک پھیلانے میں اپنا تعاؤن پیش کیا۔ سماجی حضرات کے مشورے، ائمہ و مقررین اور گلشن خطابت گروپ کے اراکین کے تعاون سے آنے والے دنوں میں مزید اقدامات کیے جائیں گے اور اسے دیگر شہروں تک بھی لے جانے کی کوشش کی جائے گی ان شاءاللہ 
اخیر میں ہے: 
1) التماس ہے ائمہ مساجد ، مقررین اور معلمات سے کہ اپنے بیانات میں اس موضوع کے تمام گوشوں پر روشنی ڈالیں اس جذبہ کے ساتھ
شاید کہ اتر جائے کسی دل میں مری بات 
2) اپیل ہے اداروں اور کلبوں کے ممبران سے کہ اپنے ادارے کی جانب سے رشتہ نکاح سے متعلق ہدایات پر مشتمل پمفلٹ چھپواکر مساجد سے اور محلے میں گھروں گھر تقسیم کریں۔ یہ ایک اہم دینی و اصلاحی خدمت شمار ہوگی ۔
3) گزارش ہے عام مسلمان مردوں اور خواتین سے کہ رشتہ نکاح دین کی بنیاد پر طے کریں اور غیر ضروری باتوں کو بنیاد بنا کر کسی رشتے سے انکار نہ کریں ۔ ان شاءاللہ اچھے رشتے میسر آئیں گے ۔
4) التجا ہے اہلکار حضرات سے کہ خلوص ، سچائی اور امانت داری کے ساتھ خدمت خلق کے جذبے سے منظم انداز میں رشتہ نکاح طے کرانے کی خدمت انجام دیں تو کام میں اللہ کی مدد شامل ہوگی اور آپ حضرات اجر کے بھی مستحق ہوں گے ۔
5) درخواست ہے صحافی حضرات اور سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والے نوجوانوں سے کہ اس مہم کے پیغام کو پھیلانے میں حصہ لیں۔ 
قارئین ! یقین جانیں ، اس مہم کے نتیجے میں امت کی چند بیٹیوں اور بیٹوں کا بھی مناسب جگہ رشتہ طے ہوگیا اور ان کے والدین کی فکر اور پریشانی دور ہوگئی تو یہ ہمارے لیے بڑی کامیابی ہوگی اور ہم اجر و ثواب کے مستحق ہوں گے ان شاءاللہ 
       دعا کریں کہ اللہ پاک اس مہم کو کامیاب کرے، معاشرے پر اس کے اچھے اثرات مرتب فرمائے اور اس میں کسی بھی لحاظ سے اپنا تعاؤن پیش کرنے والوں کو اجر عظیم سے نوازے ۔آمین

ایک تبصرہ شائع کریں

2 تبصرے