*مشترکہ خطاب جمعہ لائق تحسین وقابل تقلید عمل*
*ائمہ مساجد اور خطباء اس جانب توجہ دیں!*
*از : مفتی محمد عامر یاسین ملی*
موجودہ حالات میں جبکہ کرونا وائرس اور لاکڈاون کے نتیجہ میں دینی جلسوں اور اصلاحی مجالس کے انعقاد کا سلسلہ ایک طرح سے موقوف ہوگیا ہے، نماز جمعہ سے قبل خطاب وبیان اصلاح معاشرہ کاایک آسان اور مؤثر ذریعہ ہے، جسے اگر پورے اہتمام ( عنوان کے تعین، وقت کی پابندی اور عام فہم انداز کی رعایت) کے ساتھ پیش کیا جائے تو اس کے اچھے نتائج سامنے آسکتے ہیں ، گزشتہ ایک سال سےخطاب جمعہ کو منظم اور مؤثر بنانے کی غرض سے شہر مالیگاؤں اور ملک بھر کی مساجد میں ایک ساتھ اہم عنوانات پر بیانات کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس غرض سے مقررین اور خطباء کے کئی گروپ تشکیل دیے گئے ہیں، جن میں ایسے سینکڑوں علماء ، خطباء اور ائمہ مساجد شامل ہیں ،جو وعظ و بیان پر اچھی قدرت رکھتے ہیں اور نماز جمعہ سے قبل مختلف مساجد میں خطاب کرتے ہیں۔اس سلسلے میں طریقہ کار یہ ہے کہ
*باہمی مشورے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد غور و خوض کرکے خطاب جمعہ کے عنوانات طے کئے جاتے ہیں،
*پھر طے شدہ عنوانات کے تحت تمام مقررین بیک وقت سینکڑوں مختلف مساجد میں خطاب کرتے ہیں۔
*جمعرات کے روز تمام مقررین کے خطاب کی تفصیلات عنوانات کی وضاحت، مساجد کے نام اور بیان کے وقت کے ساتھ اخبارات اور میڈیا کے ذریعہ عام کردی جاتی ہیں۔
الحمد للہ! اب تک
* اسلام کے تجارتی اصول وضوابط،
*معاملات کی صفائی دین کا بنیادی حصہ
*سودی لین دین کی حرمت اور رزق حلال کی برکت
*نئے سال کی آمد، جشن یا محاسبہ
* مسلم لڑکیوں میں پھیلتا ارتداد اور لو جہاد کی حقیقت
*جنگ آزادی میں علماءاورمسلمانوں کا کردار اور ہمارے جمہوری حقوق
*نشہ کی عادت انفرادی مصیبت سماجی لعنت
*سیرت ابراہیمی کا پیغام
* اتحاد و اتفاق کی برکت اور لڑائی جھگڑے کے نقصانات
*شہادت حسین کا پیغام
*راہ چلنے کے آداب اور راستے کے حقوق
*ماہ ربیع الاول اور ہماری ذمہ داریاں
* حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مکی زندگی کا پیغام
جیسے اہم اور حساس عنوانات پر سینکڑوں مساجد میں مشترکہ خطاب کیا جاچکا ہے۔ جس کے مثبت اور مفید اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔عوام خواص نے اس طریقے کو پسند کیا ہے اور جمعہ سے قبل ہونے والے بیان کو سننے والے مصلیان کی تعداد میں اضافہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔فالحمد للہ علی ذالک
آئندہ دنوں میں
*خوشگوار ازدواجی زندگی کے سنہرے اصول
*رشتہ نکاح طے کرنے سے متعلق اسلامی ہدایات
* مطلقہ ، بیوہ اور معلقہ خواتین کے مسائل کا حل
*مشترکہ خاندانی نظام اور جدا گانہ خاندانی نظام
*اسلام کا نظام ہبہ اور ترکہ کے مسائل
*مسلم معاشرے میں بھیک مانگنے کا بڑھتاہوا مزاج
* موبائل ،ایک دودھاری تلوار
ان جیسے سلگتے ہوئے عنوانات پر شہر بھر کی مساجد میں مشترکہ طور پر خطاب ہوگا انشاءاللہ
تمام مساجد کے ذمہ داران ،ائمہ کرام خصوصا مقررین سے درخواست ہے کہ نماز جمعہ سے قبل ہونے والے بیان کو منظم اور مؤثر بنانے کی کوشش کریں۔ اہتمام کے ساتھ جمعہ کا بیان کروائیں، کیا عجب کہ دین کی کونسی بات کب کس کے دل میں اتر جائے اور اس کی زندگی میں تبدیلی پیدا کردے۔ وما ذلک علی اللہ بعزیز
عام مسلمانوں سے بھی گزارش ہے کہ جمعہ کی اذان ہوتے ہی مسجدوں کا رخ کریں اور بیانات کو توجہ کے ساتھ سماعت کریں۔دعا ہے کہ اللہ تعالی اس کاوش کو شرف قبولیت بخشے اور استقامت اور عافیت کے ساتھ اس خدمت کو انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
******
0 تبصرے