عمرہ کی قبولیت اس کی مسنون ادائیگی پرموقوف
عمرہ تربیتی کلاس سے مفتی عامر ملی کا خطاب
(رپورٹ: اعجاز احمد)
مورخہ ۳؍مارچ بروز اتوار بعد نماز عشاء مسجد قاسمیہ(نیا اسلام پورہ )میں عازمین عمرہ کی تربیتی کلاس منعقد ہوئی ،جس میں رحیمی حج عمرہ ٹور،طحہ حج عمرہ ٹوراور عرفات حج عمرہ ٹور سے جانے والے عازمین عمرہ نے شرکت کی ،اس موقع پر رحیمی حج عمرہ ٹور کے سرپرست مفتی محمد عامریاسین ملی صاحب نے عمرہ کے فضائل ومسائل کے موضوع پر خطاب فرمایا اور عازمین عمرہ کی رہنمائی فرمائی ،اپنی گفتگو کے آغاز میں تمام عازمین کو مبارکباد پیش کی کہ اللہ نے انہیں اپنے در کا مہمان بنانے کا فیصلہ فرمایا ہے،انہوں نے کہا کہ سفر عمرہ کا ہو یا حج کا ،عموما بندہ کو اس کا موقع زندگی میں ایک ہی بار ملتا ہے ، لہذا اس کی بہت قدر کرنی چاہئے یہ سوچ کر کہ
یہ لمحے زندگی میں بار بار آیا نہیں کرتے
انہوں کہا کہ عمرہ کی قبولیت اس کی مسنون ادائیگی پرموقوف ہے، لہذا پوری توجہ اور اہتمام سے اس کو سیکھنا چاہیے ۔ انہوں بتایا کہ عمرہ کے تین اہم مراحل ہیں ،پہلا مرحلہ سفر کی تیاری کا ،دوسرا مرحلہ عبادت عمرہ کی مسنون طریقہ پر ادائیگی کااور تیسرا مرحلہ مدینہ منورہ کی زیارت اور اس کے آداب کا،انہوں نے تفصیل کے ساتھ سفر عمرہ کی تیاری اور عبادت عمرہ کی ادائیگی کا مسنون طریقہ بیان فرمایااور عازمین عمرہ کو تاکید کی کہ وہ تربیتی کلاس کے ساتھ ساتھ کسی مستند کتاب کا مطالعہ بھی کرلیں،مفتی موصوف نے انتہائی آسان اور صاف انداز میں سفر عمرہ سے متعلق تمام اہم باتیں بیان فرمائیں ،ساتھ ہی ساتھ انہوں نے عازمین کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہیں،کمرے اور بازار میں کم سے کم وقت گزاریں اور کوشش کریں کہ اس سفر میں کوئی گناہ سرزد نہ ہو۔کلاس کے اخیر میں مفتی صاحب نے عازمین کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے،جس پر تمام ہی عازمین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔واضح ہو کہ مفتی صاحب نے خود عمرہ کے موضوع پر ایک آسان کتاب’’آپ عمرہ کیسے کریں؟‘‘مرتب فرمائی ہے ،جو معلم الحجاج مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب کے تربیتی بیانات کامجموعہ ہے۔
الحمدللہ رحیمی حج عمرہ ٹور،طحہ حج عمرہ ٹوراور عرفات حج عمرہ ٹورکامیابی کے ساتھ جاری ہیںاور اچھے انداز میں عازمین کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ،گزشتہ جمعہ کے روز تینوں ہی ٹور سے بڑی تعدا دمیں عازمین سفر عمرہ پر روانہ ہوئے ۔تمام ہی عازمین کو ٹورز کی جانب سے سفر عمرہ کے ضروری لوازمات فراہم کیے گئے۔مفتی محمد عامر صاحب کی دعا پر اس تربیتی کلاس کااختتام ہوا ،اس موقع پر مولانا خلیل احمد ندوی صاحب، جناب حاجی اعجاز انڈیگو ،جناب حاجی شفیق صاحب ،جناب حاجی عرفات صاحب اور ٹور کے دیگر ذمہ داران موجود رہے۔
0 تبصرے