Ticker

6/recent/ticker-posts

یہ لمحے زندگی میں بار بار آیا نہیں کرتے

 میری یہ دل کی صدا ہے درد مندوں کے لیے
مفتی محمد عامر یاسین ملی
8446393682
   رمضان المبارک کو نیکیوں کی فصل بہار کہا جاتا ہے ،جس میں خدا کے خوش نصیب اور سعادت مندبندے اس کی توفیق سے روزے ،تراویح اور دیگر عبادات کا اہتمام کرکے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی رحمت ،مغفرت اور بے شمار نیکیوں کا مستحق بنالیتے ہیں ،رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت اور اس کی قدر ومنزلت بیان کرنے کے لیے اتنا کہنا ہی کافی ہے کہ ’’اگر لوگوں کو رمضان المبارک کی ساری فضیلتوں اور برکتوں کا پتہ چل جائے تو وہ یہ تمنا کریں کہ کاش ! پورا سال رمضان ہوجائے!
   قارئین ! غور کیجیے! کتنے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس مہینے کی قدر کرتے ہیں اور کس قدر محروم اور بدبخت ہیں وہ لوگ جو اس کی ناقدری کرتے اور اسے غفلت میں گزاردیتے ہیں ،خدا نے ہمیں پھر ایک بار یہ مہینہ عطا فرمایا ہے ،نہ جانے کتنے لوگ اس مہینے کو پانے کی تمنا دل میں لیے رمضان کے آنے سے پہلے ہی دنیا سے رخصت ہوگئے ،ہم خوش نصیب ہیں کہ یہ مہینہ ہمیں میسر آگیا ،لہذا اٹھیے اور ایک نئے عزم وحوصلے کے ساتھ روزہ، فرض نمازوں ،تراویح ،تلاوت قرآن ،ذکر ،توبہ و استغفار ،درود شریف اور دعا کےذریعہ رمضان کو اپنی مغفرت اور کامیابی کا ذریعہ بنالیجیے، کسے معلوم کہ آئندہ رمضان تک زندگی وفا کرے نہ کرے! 
    یہ لمحے زندگی میں بار بار آیا نہیں کرتے !
                           *-*-*

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے