ہرسال دنیا بھر کے صاحب استطاعت مسلمان بڑی تعداد میں فریضہ ٔ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ حاضر ہوتے ہیں ،ان میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں ،ایک وہ جو سفر حج کی اچھی طرح تیاری کرتے ہیں ،حج کی تربیتی کلاسوں میں شرکت اور حج کے موضوع پر لکھی گئی رہنما کتابوں کا مطالعہ کر کے حج کے ارکان ومناسک کی ادائیگی کا مسنون طریقہ سیکھتے ہیں،ایسے افراد سہولت کے ساتھ حج کی عبادت انجام دیتے ہیں اور غلطیوں سے محفوظ رہتے ہیں ۔دوسرے وہ لوگ ہیں جو اپنے مشاغل کی کثرت یا غفلت کی وجہ سے نہ حج کلاسوں میں حاضر ہوتے ہیں اور نہ تربیتی کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں ،چنانچہ ایسے لوگ جب سفر حج پر روانہ ہوتے ہیں تو پریشان رہتے ہیں ،ان سے قدم قدم پر عجیب وغریب غلطیاں صادر ہوتی رہتی ہیں جن کی وجہ سے ان پر کبھی چھوٹا دم لازم ہوتا ہے اور کبھی بڑا دم،اور پھر دم دیتے دیتے وہ خود بھی بے دم ہوجاتے ہیں ،ایسے لوگ جب بغیر سیکھے ارکان حج ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور غلطیاں کر بیٹھتے ہیں تو شاعر ان کو مخاطب کر کے کہتا ہے ؎
یہ حسرت رہ گئی پہلے سے حج کرنا نہ سیکھا تھا
کفن بردوش آپہنچے مگر مرنا نہ سیکھا تھا
شہر عزیز مالیگاؤں سے بھی ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں لوگ حج کے مقدس سفر پر روانہ ہوتے ہیں ،جن کے لیے شہر کے متعدد مقامات پر حج کی تربیتی کلاسز منعقد کی جاتی ہیں ،غر بید مسجد میں تو رمضان المبارک سے مہینہ بھر پہلے ہی حج کلاس شروع ہوجاتی ہے، یہاں ایک طویل عرصے تک معلم الحجاج حضرت مولانا حسین احمد ملی ؒ عازمین کی تربیت فرماتے رہے ،ان کے وصال کے بعد سے ان کے فرزند مولانا سعید احمد ملی صاحب یہ خدمت انجام دے رہے ہیں ۔اسی طرح جامع مسجد میں بھی قریب تین دہائیوں سے حج کی چند روزہ کلاس منعقد ہوتی رہی ہے ،جس میں معلم الحجاج مفتی محمد اسماعیل قاسمی دامت برکاتہم اپنے گہرے علم اور طویل تجربے کی روشنی میں دلنشین انداز میں عازمین کی تربیت فرماتے ہیں اور پوچھے گئے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی عنایت کرتے ہیں ۔چند سال قبل راقم الحروف نے مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب کی ایماء پر ان کے تربیتی بیانات کو ’’آپ حج کیسے کریں؟‘‘اور ’’آپ عمرہ کیسے کریں؟‘‘کے عنوان سے قلم بند کر کے کتابی شکل میں شائع کیا تھا،الحمدللہ دونوں ہی کتابیں مقبول ہوئیں،شہر و بیرون شہر کے عازمین حج وعمرہ ان کتابوں سے استفادہ کرتے ہیں اور آسانی کے ساتھ ان کتابوں کی مدد سے حج وعمرہ کے مناسک ادا کرلیتے ہیں ۔حج کمیٹی مالیگاؤں کے زیر اہتمام بھی ہر سال سہ روزہ تربیتی کلاس منعقد کی جاتی ہے جس میں قاضی شریعت حضرت مولانا مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی صاحب تربیتی خطاب فرماتے ہیں ،ساتھ ہی ساتھ جناب ہارون عاشق علی صاحب سفر حج سے متعلق اہم اور ضروری قانونی اور انتظامی معلومات فراہم کرتے ہیں ۔خواتین کے لیے بھی جامعۃ الطیبات اور مدرسہ خیر الحافظات میں حج وعمرہ کی کلاس مستقل طور پر رکھی جاتی ہے ،جہا ں محترمہ رقیہ آپا صاحبہ اور محترمہ رافعہ آپا صاحبہ خواتین کی تربیت فرماتی ہیں ۔
عازمین حج وعمرہ کی تربیت کا یہ منظم اور وسیع نظام شہر عزیز مالیگاؤں میں برسوں سے قائم ہے،یہاں کے عازمین بھی ان کلاسوں میں انتہائی ذوق وشوق اور پابندی کے ساتھ شریک ہوتے ہیں ،ساتھ ہی ساتھ کتابوں کا مطالعہ بھی کرتے ہیں اور علماء ومفتیان سے رابطہ کر کے اپنے سوالات اور اشکالات کا حل بھی معلوم کرتے ہیں ،جس کا نتیجہ یہ ہے کہ نہ صرف وہ خود اچھے انداز میں حج وعمرہ کے ارکان ادا کرتے ہیں بلکہ بیرون شہر سے تعلق رکھنے والے اپنے ساتھیوں کی رہنمائی بھی کرتے ہیں ۔ دعا ہے کہ اللہ پاک تربیتی کلاسز منعقد کرنے والے تمام ہی حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے اور تمام ہی عازمین کو حج مقبول و مبرور کی دولت نصیب فرمائے آمین!
*-*-*
0 تبصرے