Ticker

6/recent/ticker-posts

معہد ملت میں دو اہم پروگرام ، بخاری شریف و اجلاس برائے تفہیم شریعت

مدارس کے سالانہ جلسے اور ہماری ذمہ داریاں 
تحریر :مفتی محمد عامر یاسین ملی مالیگاؤں 

     معہد ملت صوبہ مہاراشٹر کی ایک عظیم دینی درسگاہ ہے ،جہاں دینیات سے لے کر دورۂ حدیث اور افتاء وقضاء تک مختلف شعبے قائم ہیں،ان تمام شعبہ جات سے ہر سال بڑی تعداد میں طلبہ سندفراغت حاصل کرتے ہیں ،چنانچہ ماہ شعبان المعظم کے آغاز میں ہر سال ایک عظیم الشان تقریب ختم بخاری شریف کے عنوان سے منعقد کی جاتی ہے ،جس میں فارغ ہونے والے طلبہ کو اسناد اور انعامات سے نوازا جاتا ہے ۔امسال معہد ملت کے شعبہ افتاء وقضاء سے 15 شعبہ عا لمیت 37؍شعبہ حفظ سے 15؍اور شعبہ تجوید قرأ ت سے 9؍طلبہ فارغ ہورہے ہیں ۔اس مناسبت سے ختم بخاری شریف کی تقریب مؤرخہ 28؍فروری منگل کے روز منعقد ہوگی،جس میں ملک کے مایہ ناز عالم دین اور نامور فقیہ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت برکاتہم(سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) شرکت فرمائیں گے اور’’ علم دین کی اہمیت و افادیت اور اولاد کی دینی تعلیم وتربیت‘‘ کے موضوع پر خطاب فرمائیں گے۔
       واضح ہو کہ ختم بخاری شریف کی تقریب برسہا برس سے صبح کے وقت منعقد ہوتی رہی ہے ،لیکن امسال یہ تقریب بعد نماز مغرب مسجد نعمانی معہد ملت میں منعقد ہوگی ،تاکہ دن کے اوقات میں مشغول رہنے والے افراد بھی اس بابرکت اور اہم تقریب میں شریک ہوسکیں۔
     مدارس اسلامیہ میں منعقد ہونے والے سالانہ جلسے اور ختم بخاری شریف کی تقاریب کے چنداہم مقاصد ہوتے ہیں :
(1) مدارس کی سالانہ کارگزاری عوام الناس اور اداروں کے معاونین کے سامنے پیش کرنا ۔
(2)مدارس کے نظام اور تحفظ وبقاء کے سلسلے میں عام مسلمانوں کواپنی ذمہ داریوں سے واقف کرانا۔
(3)ملک کے نامور علماء اور قائدین کو مدعو کر کے ان سے موجودہ حالات اور مسائل کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کرنا۔
مذکورہ بالا اہم مقاصد کے پیش نظرعام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا وقت فارغ کر کے مدارس اسلامیہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کرنے کااہتمام کریں اساتذہ وطلبہ کی حوصلہ افزائی کریں، بطور خاص اہلیان شہر مالیگائوں اور معہد ملت کے فضلاء اور ہمدردان سے درخواست ہے کہ معہد ملت میں منعقد ہونے والی تقریب ختم بخاری شریف میں وہ ضرور شرکت کریں اور حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کے خطاب مستفیض ہوں۔
       آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے زیر اہتمام تفہیم شریعت کا اہم شعبہ قائم ہے،جس کے کنوینر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب ہیں،اس شعبے کے قیام کا بنیادی مقصد شریعت کے صاف ستھرے ،جامع ،مفید اور عادلانہ ومنصفانہ قوانین کی حکمتوں کو واضح کرنا اور ان پر کیے جانے والے اعتراضات کا مثبت جواب دینا ہے۔مولانا محترم کی آمد کے اس زرین موقع پرایک اہم اجلاس تفہیم شریعت کے عنوان سے مسجد نعمانی معہد ملت میں 28؍فروری بروز منگل صبح دس بجے منعقد کیا جارہا ہے ،جس میں حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب ’’ شریعت اسلامی کے احکامات میں عدل واعتدال کا پہلو‘‘کے عنوان پر کلیدی خطاب فرمائیں گے ۔اسی طرح حضرت مولانا محمد عمر عابدین قاسمی مدنی صاحب ’’کیا اسلام عورتوں پر ظلم کرتا ہے؟‘‘کے عنوان پر اور حضرت مولانا مفتی حامد ظفر رحمانی صاحب ’’اسلام کا نظام طلاق ،اعتراضات اور ان کے جوابات‘‘ کے موضوع پر محاضرہ پیش کریں گے ۔ آغاز میں معہد ملت کے مہتمم حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب تفہیم شریعت کے عنوان سے ہونے والے اس اہم اجلاس کی غرض وغایت بیان فرمائیں گے۔
       موجودہ دور میں جب کہ اسلام کے احکام وقوانین کے سلسلے میں شکوک وشبہات پھیلائے جارہے ہیں اور ان پر بیجا اعتراضات کا سلسلہ جاری ہے، علماء کرام ،مفتیان عظام ،مدارس نسواں کی معلمات ،اسی طرح ڈاکٹرز ،ٹیچرز اور وکلاء حضرات کو اس طرح کے پروگراموں میں شریک ہونا چاہیے ،تا کہ وہ اسلامی قوانین اور شرعی احکام کی حکمتوں اور ان پر کیے جانے والے اعتراضات کے مثبت جوابات سے واقف ہوکر شریعت کا دفاع کرسکیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے