دلاور ہال میں خواتین کے تربیتی پروگرام سے معلمات کاخطاب
(مالیگاؤں) مورخہ 16؍فروری بروز جمعرات بعد نماز مغرب دلاور ہال (قدوائی روڈ مالیگاؤں) میں مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب کی نگرانی میں خواتین کا ایک اہم دینی واصلاحی جلسہ عام منعقد کیا گیا ،جس کی صدارت محترمہ تسلیمہ آپا صاحبہ نے فرمائی ،آغاز میں مدرسہ اقصی للبنات (واقع نیا اسلام پورہ)کی طالبات نے دلچسپ دینی پروگرام پیش کیا ،اس کے بعد محترمہ ماجدہ نسرین آپا صاحبہ نے خصوصی خطاب فرمایا ،انہوں نے سب سے پہلے ’’خوشگوار ازدواجی زندگی ،خوشحال خاندانی نظام ‘‘ کے عنوان پر منعقد کیے گئے اس پروگرام کی سراہنا کرتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں ازدواجی زندگی سے متعلق اسلامی تعلیمات اور ہدایات پر روشنی ڈالی ،اور آپسی اختلافات بطور خاص ساس بہو اور گھر کی دیگر خواتین کے درمیان ہونے والی ناچاکیوں کی وجوہات اور ان کے حل کو بتایا ،انہوں نے سسرال والوں کو تاکید کی کہ وہ بہو کو اپنی بیٹی کا درجہ دیں اور ہر بہو اپنے ساس سسر کو ماں باپ کا درجہ دے ۔ موصوفہ نے یہ بھی کہا کہ ساس آنے والی بہو کو ماحول میں ڈھلنے کا موقع دے، اس کو گھر کا نظام چلانا سکھائے، اس کی غلطیوں کی اچھے انداز میں اصلاح کرے، اور شادی ہوتے ہی کم عمر اور ناتجربہ کار بہو پر سارے گھر کا بوجھ نہ ڈالے ۔اپنے خطاب کے اخیر میں انہوں نے کہا کہ اگر ایک لڑکی اپنا سب کچھ چھوڑ کر سسرال جاتی ہے تو سسرال والے بھی اپنا سب کچھ اس پر نچھاور کرتے ہیں ،اس لیے دونوں ہی فریق کو ایک دوسرے کی قربانیوں اور خلوص کا احساس کرنا چاہیے۔محترمہ تسلیمہ آپا صاحبہ نے اپنے صدارتی خطاب میں خواتین کو صبر وبرداشت اور عفوو درگزر سے کام لینے کی نصیحت کی اور بتایا کہ جو خاتون اپنے سسرال میں پہلے خادمہ بن کر سب کی خدمت کرتی ہے، وہی بعد کی زندگی میں گھر کی ملکہ کہلاتی ہے۔انہوں نےشادی شدہ خواتین کواچھے اخلاق اپنانے کی نصیحت کی اور کہا کہ وہ گرچہ حق پر ہوں،لیکن پھر بھی اپنی ساس سے جھگڑا نہ کریں تو اس پربڑا اجر وثواب ملے گا،اسی کے ساتھ انہوں نے سرپرست خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی نئی شادی شدہ بچیوں کی اچھی تربیت کریں اور ان کو ازدواجی زندگی اور سسرال میں رہنے کا سلیقہ سکھائیں ۔ اس جلسہ میں ایک اندازے کے مطابق دو ہزار خواتین نے شرکت کی ،اور پوری توجہ کے ساتھ خطاب کو سنا ۔نظامت کے فرائض مدرسہ اقصی للبنات کی صدر معلمہ محترمہ عالیہ آپا صاحبہ نے بخوبی انجام دیے۔صدر محترمہ کی دعا پر اس جلسہ کا اختتام ہوا۔پروگرام کے نظم وانتظام اور کامیاب انعقاد کے لیے صفا فاؤنڈیشن کے اراکین خصوصاً مفتی محمد عامر یاسین ملی ،مولانا ریحان رئیس ندوی ،مولانا عابد جمالی اور جناب فیروز دلاور،جناب نعیم دلاور اور طاہر بھائی وغیرہ نے جدو جہد کی ۔
0 تبصرے